ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اب پرگیہ نے نتھورام گوڈسے کو لوک سبھا میں بھی بتایا دیش بھکت؛ اپوزیشن سخت برہم؛ مچ گیا ہنگامہ

اب پرگیہ نے نتھورام گوڈسے کو لوک سبھا میں بھی بتایا دیش بھکت؛ اپوزیشن سخت برہم؛ مچ گیا ہنگامہ

Wed, 27 Nov 2019 20:14:41    S.O. News Service

نئی دہلی 27/نومبر (ایس او نیوز/ایجنسی) انتہا پسندانہ بیانات دینے میں بدنام ،  ہندوتوادی کا خاص چہرہ سمجھی جانے والی   اور مالیگاوں بم دھماکہ کے الزام میں جیل کی ہوا کاٹ کر باہر آنے والی   بھوپال سے بی جے پی کی رکن پارلیمان پرگیہ سنگھ ٹھاکر نے پھر ایک بار انتہا پسندانہ بیان دے کر اپنی اصلی ذہنیت کو اُجاگر کردیا ہے۔ اس بار انہوں نے لوک سبھا کے اندر  بابائے قوم مہاتما گاندھی  کے قاتل ناتھورام گوڈسے کو محب وطن قرار دیا ہے جس  پر لوک سبھا میں ہنگامہ مچ گیا اور اپوزیشن نے ان کے بیان پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اپنی  ناراضگی ظاہر کی۔پرگیہ ٹھاکر کے بیان پر جہاں اپوزیشن  نے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا، وہیں بی جے پی کے دیگر ممبران پارلیمنٹ نے پرگیہ ٹھاکر کو بیٹھنے کے لئے کہا۔

اطلاع کے مطابق ایوان میں جب ڈی ایم کے  رکن پارلیمنٹ اے راجہ نے بحث میں  حصہ لیتے ہوئے  منفی ذہنیت کو لے کر نتھورام گوڈسے کی مثال پیش کی  تو پرگیہ سنگھ ٹھاکر اپنے مقام پر کھڑی ہوگئیں اور اپنی ذہنیت کو واضح کرتے ہوئے کہا کہ محب وطن کی مثال مت دیجئے۔ اس پر کانگریس کے کئی اراکین پارلیمان نے اعتراض کیا اور یہ الزام لگایا کہ پرگیہ سنگھ ٹھاکر کو وزیراعظم کی پناہ ملی ہوئی ہے۔اس دوران بی جےپی کے دیگر اراکین پرگیہ کو بیٹھنے کا اشارہ کرتے ہوئے نظر آئے۔ اس تعلق سے لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے واضح کیا کہ صرف اے راجہ کی بات کو ریکارڈ میں درج کیا جارہا ہے۔

خیال رہے کہ  پرگیہ نے اس سے پہلے بھی پرگیہ سنگھ ٹھاکر نے گوڈسے کو محب وطن قرار دیا تھا جس پر تمام اپوزیشن  جماعتوں نے سخت مخالفت کی تھی ، بعد میں وزیراعظم مودی  کو یہ کہنا پڑا تھا کہ  وہ پرگیہ کو کبھی دل سے معاف نہیں کرپائیں گے۔ لیکن اس بار سادھوی نے کسی بحث یا اخبارنویسوں کے سوال کا جواب دیتے ہوئے نہیں بلکہ   لوک سبھا میں  ارکان پارلیمان کے سامنے  نتھورام گوڈسے کو محب وطن قرار دیا ہے جس پر  زبردست  ہنگامہ مچ گیا ہے۔


Share: